’کیا فواد چوہدری نیب کے ترجمان ہیں؟‘

مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے استفسار کیا ہے کہ کیا وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نیب کے ترجمان ہیں؟

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں مریم اورنگزیب نے نیب سے فواد چوہدری کے بیان کی وضاحت جاری کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم نوازشریف علاج کےلئے لندن نہیں جانا چاہتے،ان کے ن لیگی قائد نے کبھی لندن جانے کا نہیں کہا اور نہ ہی کبھی ملک میں علاج سے انکار کیا۔

مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ فواد چوہدری بیان بازی کرکے نوکری بچانے کی کوشش کررہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ علیمہ باجی کے اکاونٹس میں اربوں اور کھربوں روپے ہیں، ان کے بیرون ملک فلیٹس ہیں اور ان فلیٹس کے اصل مالک عمران خان ہیں۔

ن لیگی ترجمان نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی کی سیاست صرف نواز شریف اور شہباز شریف کے گرد گھومتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی پالیسی سے غریب عوام کا تیل نکل رہا ہے،وزیراعظم عمران خان عوام سے بھاگ کر لندن جانا چاہتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں