گلگت بلتستان: شدید برف سے ضلع کھرمنگ کتی شو کا زمینی رابطہ منقطع، انتظامیہ ذمہ داریوں سے بے خبر۔

کھرمنگ(ٹی این این) شدید برف باری کی وجہ سے ضلع کھرمنگ یونین کونسل کتی شو کا شہری علاقوں سے زمینی رابطہ مکمل طور پر منقطع ہوگیاہے ۔تفصیلات کے مطابق یونین کونسل کتی شو ضلع کھرمنگ مہدی آباد سے اوپر 40 کلومیٹر اوپر 800 سو گھرانوں پر مشتمل دیوسائی کی طرف کا نالہ ہے اور بلکل دیوسائی تک داپا کا علاقہ آتا ہے۔ اس علاقے تک رسائی کیلئے ایک ٹوٹی پھوٹی سڑک ہے جو گرمیوں کے موسم میں بھی اکثر اوقات بند رہتا ہے اور برف باری کے موسم میں یہ علاقہ سہولت نہ ہونے اور حکومتی عدم توجہی کے سبب محصور ہوکر رہ جاتے ہیں،اس علاقے تک رسائی کیلئے ضلع کھرمنگ انتظامیہ کی جانب سے ایمرجنسی بنیادوں پر کوئی اقدام نہیں اُٹھایا اور نہ ہی برف باری کی وجہ سے مکمل طور پر بند سڑک کو کھولنے کیلئے ضلعی انتظامیہ کے پاس مشینری ہے۔ ذرائع کے مطابق یونین کونسل کتی میں ہر سال سردیوں کے موسم میں علاج معالجے کی سہولت نہ ہونے اور سڑکوں کا کئی ماہ نہ بند رہنے کی وجہ سے کئی نومولود بچے اور مریض لقہ اجل بن جاتے ہیں لیکن یہاں کے عوام سے ووٹ لیکر کئی بار رکن گلگت بلتستان اسمبلی بننے والے اسپیکر فدا محمد ناشاد کی جانب سے آج تک اپنے ووٹر کو سہولت فراہم کرنے کیلئے کوئی خاطر خواہ کام نہیں کیا گیا ۔
اس وقت عوام سڑکوں کی بحالی کے اپنی مدد آپ کے تحت بغیر کسی حکومتی امداد اور مشینری کی فراہمی کے کوششوں میں مصروف ہیں تاکہ ناگہانی صورت حال میں ٹرانسپورٹ بحال کر سکے لیکن شدید سردی کی وجہ سے بہت ذیادہ مشکلات درپیش ہیں۔ حکومت کو چاہئے کہ ضلعی انتظامیہ کھرمنگ کو اپنی انتظامی ذمہ داریوں کا احساس دلائیں اور ضلع کھرمنگ کے کتی شو سمیت دیگر تمام نالہ جات تک موصلات کی رسائی کو یقینی بنانے کیلئے ہنگامی طور پر اقدام اُٹھائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں