گورنر ہاؤس کی دیواروں کا معاملہ، پنجاب حکومت نے کمیٹی بنا دی

گورنر ہاؤس پنجاب کی دیواریں گرانے سے متعلق لاہور ہائی کورٹ کے حکم امتناع کے بعد پنجاب حکومت نے اس حوالے سے قانونی معاملات دیکھنےکے لیے کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

محکمہ قانون پنجاب کے ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے بنائی گئی کمیٹی کے سربراہ وزیر قانون راجا بشارت ہوں گے۔

ایڈووکیٹ جنرل پنجاب، سیکریٹری قانون اور سیکریٹری پراسیکیوشن سمیت دیگربھی اس کمیٹی میں شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق کمیٹی گورنرہاؤس کی دیواریں گرانے سے متعلق معاملات کا قانون کے مطابق جائزہ لے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان کے حکم کی روشنی میں لاہور میں واقع گورنر ہاؤس پنجاب کی دیواریں گرانے کا عمل شروع کیا گیا تھا تاہم لاہورہائی کورٹ کی جانب سے یہ عمل روک دیا گیا تھا۔

لاہور ہائی کورٹ نے گورنر ہاؤس کی دیوار گرانے کے عمل کو روکتے ہوئے اپنے ریمارکس میں کہا تھا کہ اب اگر ایک اینٹ بھی ہلی تو سب جیل جائیں گے۔

اس ضمن میں تبصرہ کرتے ہوئے پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے فیصلوں کے پابند ہیں، گورنر ہاؤس کی دیواروں سے متعلق عدالتی فیصلہ قبول ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ وزیراعظم نے دیسی انڈوں کی بات کی تھی جس پر ملک کے گندے انڈوں نے شور مچانا شروع کر دیا، دیہات کے لوگ جانتے ہیں کہ انڈے کس طرح ان کی ضروریات پوری کرتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں