گور نرپنجاب چوہدری محمدسرور سے گور نر ہاؤس لاہور میں کشمیر ی لیڈر یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک کی ملاقات

لاہور30جنوری2019۔۔۔گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلا ف پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ ہے۔ دہشت گردی کسی ایک جماعت حکومت یا ادارے کا نہیں پوری قوم کا مسئلہ ہے۔ ہم اَمن دشمنوں کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔بھارت بندوق اور گولی سے کشمیر یوں کی آواز کو د با نہیں سکتا ۔پاکستان کشمیر یوں کے حق آزادی کیلئے پوری دنیا میں آواز بلند کریگا ۔کشمیرکی آزاد ی کے بغیر خطے میں اَمن کا قیام ممکن نہیں ہوسکتا ۔بھارت کو آج نہیں تو کل ضرور مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کر نا پڑیگا ۔ اِن خیالات کااظہار اُنہوں نے آج یہاں گور نر ہاؤس لاہور میں کشمیر ی لیڈر یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک اور تحر یک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی ڈاکٹر کرامت کھوکھر اور شوکت بھٹی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
گورنرپنجاب نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جتنی قر بانیں افواج پاکستان، دیگر سیکورٹی فورسز اور عوام نے دیں ہیں دُنیا میں اس کی کوئی اور مثال نہیں ملتی۔ اُنہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی جانوں کے قر بانیاں دینے والے شہداء کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ اِس میں کوئی شک نہیں کہ آج بھی پاکستانی قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے اور وہ وقت اب زیادہ دور نہیں جب ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ اور پورے ملک میں اَمن قائم ہوگا ۔ گورنرنے کہا کہ کشمیر یوں نے آزادی کی پرُ اَمن جد وجہد کی پوری دنیا میں ایک مثال قائم کی ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ بھارت اپنے تمام تر مظالم کے باوجود آج تک کشمیریوں کی آواز کو دبا نہیں سکا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت اور عوام آج بھی کشمیریوں کیساتھ کھڑی ہے اور کشمیر کی آزادی کیلئے کسی بھی قر بانی سے دریغ نہیں کیا جائیگا ۔گورنر نے کہا کہ بھارت کو بھی چاہیے کہ وہ بندوق اور گولی سے کشمیریوں کی آواز کو دبانے کی بجائے اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کو حل کر یں کیونکہ جب کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوتااس وقت تک خطے میں اَمن کا قیام بھی ممکن نہیں ہوسکتا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں