ہیپاٹا ئٹس امراض جگر کا باعث بنتا ہے

ماہر متعدی امراض ڈاکٹر نسیم صلاح الدین نے کہا ہے کہ ہیپاٹائٹس ایک موذی مرض ہے، جس کا وائرس امراض جگر کا باعث بنتا ہےاور جگر کے کینسر تک میں مبتلا کر دیتا ہے جو انسانی جان لے لیتا ہے تاہم یہ قابل علاج ہے اوراگر احتیاط کی جائے تو اس سے محفو ظ رہا جاسکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ انسانی جگر انسان کو کئی طریقوں سے صحت مند رکھتا ہے یہ خون سے ٹاکسن نکال دیتا ہے اور غذائی اجزاء کو توانائی میں تبدیل کرتا ہے تاہم ہیپاٹائٹس کا وائرس جگر کو ناکارہ کردیتا ہے۔

ہیپاٹائٹس کی کئی اقسام ہیں، جن میں اے، بی، ای اور سی شامل ہیں تاہم سب سے خطرناک ہیپاٹائٹس بی اورسی ہیں جو زیادہ تر استعمال شدہ سرنج، متاثرہ خون لگنے، استعمال شدہ بلیڈ استعمال کرنےاور آپریشن کےمتاثرہ اوزار لگنے سےخون کے ذریعے منتقل ہوتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جہاں سب سے زیادہ انجیکشن استعمال کیے جاتے ہیں جس کی بڑی وجہ عوام کا انجیکشن لگانے پر اصرار کرنا ہے تاہم انجیکشن میں گندی اور استعمال شدہ سوئی استعمال کی جاتی ہے جس کے ذمہ دار ڈاکٹرز، نرسز، پیرامیڈیکس اور اتائی ہیں جس سے ہیپاٹائٹس کا مرض ملک میں اس قدر تیزی سے پھیلتا جارہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ عموماً مریضوں کو اس مرض کا پتہ نہیں چلتا جو آہستہ آہستہ جگر کو ناکارہ کردیتا ہے۔

کیٹاگری میں : صحت

اپنا تبصرہ بھیجیں