یمن میں ہیضے کے بعد خناق کی وباء سے 62 افراد ہلاک

صنعاء(ویب ڈیسک):یمن کی وزارت صحت نے بتایا ہے کہ ملک میں خناق کی بیماری تیزی کے ساتھ پھیل رہی ہے۔ گذشتہ برس اگست میں سامنے آنے والی خناق کی وباء نے 3 فروری 2018تک 62 افراد کی جان لے لی ۔
عرب ٹی وی کے مطابق وزارت صحت نے بتایاکہ 933 شہریوں میں خناق کی تشخیص کی گئی ہے، یہ مرض یمن کی 23 میں سے 20 گورنریوں اور 333 ڈاریکٹویٹس میں سے 157 میں پایا گیا ہے۔ یمنی وزارت صحت کے سیکرٹری علی الولیدی نے کہا کہ خناق کا شکار ہونے والے شہروں میں سب سے زیادہ اب اور الحدیدہ گورنریاں متاثر ہوئی ہیں۔دوسری جانب عالمی ادارہ صحت نے یمن میں خناق سے فوت ہونے والے شہریوں کی تعداد 66 اور متاثرین کی 1100 بتائی ہے۔واضح رہے کہ خناق متعدی جراثیم سے پھیلتا ہے جو منہ، آنکھوں، ناک اور بعض اوقات جلد کو متاثر کرتا ہے اس کے شکار ہونے والے بعض مریض 2 سے 6روز کے اندر اندر لقمہ اجل بن جاتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں