یوم پاکستان پر 7 ملکی زبانوں میں ملی نغمے جاری

راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے 78 ویں یوم پاکستان پر قومی زبان سمیت چاروں صوبائی اور آزاد کشمیر سمیت گلگت بلتستان کی زبان میں بھی ملی نغمے جاری کردئیے۔ آئی ایس پی آر نے بیک وقت اردو، پنجابی، سندھی، پشتو، بلوچی، کشمیری اور بلتی زبان میں ملی نغمے جاری کئے ہیں۔ اس کا مقصد پاکستان میں اتحاد اور محبت کو فروغ دینا ہے۔اردو میں جاری ملی نغمے کو استاد شفقت امانت علی نے گایا ہے۔ دیگر زبانوں میں جاری نغمے میں اردو کے گانے کے بول ’ہر ایک پاکستانی نے پکارا پاکستان، امن کا نشان یہ ہمارا پاکستان‘ شامل کئے گئے ہیں۔اردو میں جاری نغمے میں ملک کے چاروں صوبوں، پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان سمیت آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت دیگر علاقوں کی ثقافت کو بھی دکھایا گیا ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے اپنی ٹو ئٹ میں میڈیا پرومو بھی جاری کیا جس میں ملک کے معروف ٹی وی چینلز کے اینکرز یوم پاکستان کے حوالے سے وطن کی تعریف کرتے ہوئے دکھائی دےئے ۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے تمام میڈیا کے محب وطن کردار کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ ہم سب کو ایک قوم بن کر متحد ہوکر پاکستان کو مستحکم کرنا ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں