ہمارے مذہب و آئین ٔپاکستان نے دوسروں کے عقائد کے احترام کا درس دیا ہے ، اسسٹنٹ کمشنر حسن ابدال جنت حسین نیکو کارہ

اٹک (سنہرادور): اسلام نے تمام مذاہب کے احترام کا درس دیا ہے۔قائد اعظم ڈے اورکرسمس کی خوشیوں میں شریک ہو کر ہمیں دنیا کو مثبت پیغام دینا چاہیے۔پاکستان کے قیام کے وقت یہاں رہنے کا غیر مسلموں کا فیصلہ قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔آئین پاکستان نے ہر شہری کو تحفظ اور حقوق فراہم کیے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار اسسٹنٹ کمشنر حسن ابدال جنت حسین نیکو کارہ نے جناح ہال حسن ابدال میں منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ قائد اعظم ڈے اور کرسمس کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں کیک کاٹا گیا جبکہ آتشبازی کا خوبصورت مظاہرہ بھی کیا گیا۔اس موقع پر چیئرمین میونسپل کمیٹی ظہیر احمد ۔ وائس چیئرمین چوہدری زبیر اقبال۔ڈی ایس پی حسن ابدال حاجی محمد شفیق ۔میونسپل آفیسر ساجد خان۔ٹی او ذوالفقار بٹ ۔سابقہ چیئرمین چوہدری اسد خان۔اقلیتی کونسلر طارق جان مسیح سمیت عمائدین شہر اور انتظامیہ کے افسران کی بڑی تعداد موجود تھی۔کرسمس کی تقریب میں سکھ برادری کی جانب سے سردار رویندر سنگھ جگی نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ اظہار یکجہتی کے لیے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ آئین پاکستان میں تمام شہریوں کو مکمل مذہبی آزادی اور برابر حقوق فراہم کیے گئے ہیں۔ہمارے مذہب نے دوسروں کے عقائد کے احترام کا درس دیا ہے ۔قیام پاکستان کے وقت اس ملک میں رہنے کا فیصلہ کر کے ہماری اقلیتی برادری نے مسلمانوں پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا ہے جسے قائم رکھنا ہم سب کا فرض ہے۔انہوں نے کہا کہ اس ملک میں بسنے والے غیر مسلم اس ملک کے وفادار شہری ہیں جو اس ملک کی بقاءمیں اپنا بھر پور کردار ادا کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اسلام نے حقوق العباد کا درس دیا ہے اور ہمیں اس پر عمل پیرا ہو کر اس ملک کو ترقی کی راہوں پر گامزن کرنا ہے۔تقریب میں ملکی سلامتی اور سانحہ کوئٹہ کے متاثرین کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں