پرتھ: تیسرےT20 کیلئے قومی ٹیم میں 3 تبدیلیوں کا امکان

پاکستان اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تیسرا ٹی ٹوئنٹی جمعہ کو پرتھ میں کھیلا جائے گا، آخری میچ میں ٹیم پاکستان میں کم از کم دو سے 3 تبدیلیاں یقینی ہیں، جبکہ آسٹریلیا نے فاسٹ بولر پیٹ کمنز کو آرام دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم آج ہی کینبرا سے پرتھ پہنچ گئی ہے جہاں کھلاڑی آج آرام کریں گے البتہ کل ٹیم کا بھرپور ٹریننگ سیشن ہوگا۔

تین میچوں کی سیریز میں آسٹریلیا کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے، پہلا میچ بارش کی نذر ہوا تو دوسرے میچ میں کینگروز نے 7 وکٹ سے فتح اپنے نام کی تھی۔

ذرائع کے مطابق جمعہ کو ہونے والے سیریز کے آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں گرین شرٹس کم از کم دو سے تین تبدیلیوں کے ساتھ میدان میں اترے گی۔

ٹیم میں فخر زمان اور آصف علی کی جگہ امام الحق اور خوشدل شاہ کو فائنل الیون میں شامل کیا جائے گا، جبکہ وہاب ریاض اور محمد عرفان میں سے بھی کسی ایک بولر کے ڈراپ کیے جانے کا امکان ہے ۔

دوسری جانب آسٹریلیا نے سیریز کے تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ کے لیے فاسٹ بولر پیٹ کمنز کو آرام دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

آسٹریلیا کے ہیڈ کوچ جسٹن لینگر کا کہنا ہے کہ کمنز کے لیے ٹیسٹ سیریز سے پہلے آرام بہت ضروری ہے، ٹیم میں کچھ ردو بدل ہو گا لیکن جیت کا فارمولانہیں بدلے گا، وہ ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتنا چاہتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں