اسموگ پر قابو پانے کیلئے مہم کو مزید تیز کرنے کا حکم : وزیرِ اعلیٰ پنجاب

وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ماحولیاتی آلودگی اور اسموگ پر قابو پانے کے لیے مہم کو مزید تیز کرنے کا حکم دے دیا۔

عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ محکمہ ماحولیات انتظامیہ اور متعلقہ ادارے اسموگ کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے وضع کردہ پلان پر من و عن عملدرآمد یقینی بنائیں، اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

وزیرِ اعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ آلودگی پھیلانے والی صنعتوں، گاڑیوں اور اینٹوں کے بھٹوں کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کی جائے، عوام کو اسموگ کے اثرات سے بچانے کے لیے احتیاطی تدابیر کے لئے موثر آگاہی مہم چلائی جائے گی۔

انہوں نے اسموگ سے متعلق بات کرتے کہا کہ بھارت کے سرحدی علاقوں میں فصلوں کی باقیات جلانے اور ہوا کا رُخ تبدیل ہونے سے گزشتہ شام لاہور اور اس کے گرد و نواح میں اسموگ میں اچانک اضافہ ہوا، اللّٰہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے رات ہونے والی بارش سے آج صورتحال بہت بہتر ہے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ رات گئے تک اسموگ کی صورتحال کو وہ خود مانیٹر کرتے رہیں ہیں، متعلقہ اداروں اور انتظامیہ کو اس ضمن میں فوری طور پر ضروری ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ وزیرِ اعلیٰ نے شہریوں کی مشکلات کے ازالے کے لیے انتظامیہ اور ٹریفک پولیس کو بھی فوری طور پر متحرک کیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں اسموگ کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ اداروں کو چوکس رہنے کی بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں