اقوام متحدہ نے ماہرہ خان کو مہاجرین کی خیرسگالی سفیر مقرر کر دیا

اسلام آباد: بین الاقوامی شہرت یافتہ اداکارہ ماہرہ خان کو پاکستان میں اقوام متحدہ کے ہائی کمیشن برائے مہاجرین کی خیر سگالی سفیر مقرر کر دیا گیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں اقوام متحدہ کے ہائی کمیشن برائے مہاجرین کی جانب سے ملک کی خیر سگالی سفیر ماہرہ خان کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین اسٹنٹ ہائی کمشنر فار آپریشنز جارج اکوتھ اوبو نے ماہرہ خان کو بطور خیر سگالی سفیر تقرری کا سرٹیفکیٹ پیش کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ماہرہ خان کا کہنا تھا کہ میں خوش قسمت ہوں کہ اس نیک مقصد کے لئے میرا انتخاب ہوا اور میں اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین (یو این ایچ سی آر) کی شکر گزار ہوں کہ جنہوں نے مجھ پر اعتماد کیا، اللہ نے مجھے اس مقصد کیلئے چنا جس پر میں پوری اتروں گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام نے افغان مہاجرین کو کھلے دل سے خوش آمدید کہا، یہی وجہ ہے کہ پاکستان 4 دہائیوں سے 40 لاکھ افغان مہاجرین کی مدد کر رہا ہے۔ ماضی میں مہاجرین کے مسائل کو اتنی اہمیت نہیں دی گئی لیکن یہ بات بھی اہم ہے کہ مہاجرین کا مسئلہ کسی ایک ملک کا نہیں پوری دنیا کا مسئلہ ہے اوراس حل کرنے کیلئے مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں