کورونا، خیبرپختونخوا میں قیدیوں کی سزاؤں میں 2 ماہ کی کمی

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے صوبے کی تمام جیلوں میں کورونا وائرس کے خدشات کے پیش نظر قیدیوں کی سزاؤں میں کمی کا اعلان کر دیا۔

وزیر اعلیٰ محمود خان نے جیلوں میں قیدیوں کی سزا 2 ماہ کم کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ فیصلے کا اطلاق دہشت گردی کے واقعات اور ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث قیدیوں پر نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ جیلوں میں کورونا وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ کی ہدایت کے بعد خیبر پختونخوا کے چیف سیکرٹری نے محکمہ داخلہ کو وزیراعلیٰ کے احکامات پر عمل درآمد کی ہدایت کردی۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے پنجاب حکومت کی جانب سے بھی صوبہ بھر کی جیلوں میں قیدیوں کی سزاؤں میں 60 دن کی کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں