سندھ میں کورونا کے مریض 155، ملک میں 189 ہو گئے

سندھ میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں مزید 5 کا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 155 تک جا پہنچی جبکہ ملک بھر میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 189 ہو گئی۔

حکومتِ سندھ کے ترجمان بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں بتایا ہے کہ سندھ میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 155 ہو گئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ سکھر میں موجود 234 زائرین کے ٹیسٹ مکمل کر لیے گئے ہیں جن میں سے 119 کے کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ان 234 افراد میں سے 115 کے ٹیسٹ منفی آئے ہیں۔

واضح رہے کہ سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 155 ہونے کے بعد پاکستان بھر میں میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 189ہو گئی ہے۔

اس وقت پاکستان میں جن 189 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو ئی ہے ان میں سے 155 صوبہ سندھ میں، 15 خیبر پختون خوا میں، 10 بلوچستان میں، 4 وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں، 3 گلگت بلتستان میں اور 2 پنجاب میں موجود ہیں۔

سندھ میں کورونا وائرس سے متاثرہ 155 میں سے 30 افراد کا تعلق کراچی اور ایک کا حیدر آباد سے ہے، صوبے میں 2 افراد صحت یاب ہو کر گھر جا چکے ہیں۔

دوسری جانب تفتان سے 14 روز قرنطینہ میں گزار کر پنجاب آنے والا ایک شخص انتقال کر گیا، جس کے حوالے سے یہ خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ کورونا وائرس سے پاکستان میں پہلی ہلاکت ہو سکتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں