دنیا بھر میں تفریحات پر بھی کورونا کے سنگین سائے

دنیا بھر میں تفریحات پر بھی کورونا وائرس کے سنگین سائے پڑنے لگے، سینما انڈسٹری شدید ترین دھچکے کا شکار ہوچکی ہے، اختتامِ ہفتہ پر ٹکٹوں کی فروخت 20 سال کے دوران کی کم ترین سطح پر آچکی ہے، اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ اس قدر کمی 2001 میں ہونے والے نائن الیون کے حملوں کے بعد بھی نہیں آئی تھی۔

نارتھ امریکن باکس آفس پر اس ہفتے بھی ڈزنی کی فلم ’آن ورڈ‘ ہی نمبر ون رہی مگر خوف کے باعث لوگوں نے سینما کا رخ کرنا چھوڑ دیا، ٹکٹوں کی فروخت کا عالم یہ رہا کہ پچھلے ہفتے 39 ملین ڈالر کمانے والی فلم اس بار محض 10.5 ملین ڈالر کما کر نمبر ون رہی۔

باکس آفس پر دوسرا نمبر نئی فلم ’آئی اسٹل بیلیو‘ کا رہا جو 9.5 ملین ڈالر سمیٹ سکی، فلم میں گلوکارہ شانیا ٹوئین نے بھی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔

تیسرے نمبر پر سونی کی سپر ہیرو فلم ’بلڈشاٹ‘ رہی، جس کے ہیرو ون ڈیزل ہیں، یہ فلم باکس آفس پر 9.3 ملین ڈالر کما سکی۔

امریکی ویب سائٹ ہالی ووڈ کے مطابق جان لیوا کورونا وائرس کے خوف کے باعث امریکا میں 5 ہزار سینما مکمل بند ہوچکے ہیں اور بہت سے مزید بندش کے قریب ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں