ملک کی بقا کی خاطر بات کرنا سب کا حق ہے، فیصل قریشی

معروف پاکستانی اداکارو میزبان فیصل قریشی کا کہنا ہے کہ ملک کی بقا کی خاطر بات کرنا ہم سب کا حق ہے۔

فیصل قریشی نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنے ناقدین کے لیے ایک خصوصی ویڈیو شیئر کی ہے۔

اُنہوں نے یہ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا ہے کہ’ اپنا کام کرو‘۔

اس ویڈیو میں انہوں نے اپنے ناقدین سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا ہے کہ’وہ بہت دنوں سے کچھ چیزیں پڑھ رہے تھے‘۔

اُنہوں نے مزید لکھا کہ’فنکاروں کی ایک دو ویڈیوز کے بعد لوگوں کے میسجز آرہے تھے‘۔

اُنہوں نے بتایا کہ’لوگ کہتے ہیں کہ جو کام کرتے ہو وہ کرو کیوں بلاوجہ سیاست میں اور باقی چیزوں میں پڑتے ہو‘۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ’سیاست میں پڑنے میں تو ہرگز کوئی شوق نہیں ہے لیکن ہاں ملک کی بقا کی خاطر بات کرنا سب کا حق ہے‘۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ’اُنہیں سجھ نہیں آتی کہ یہ کون لوگ ہیں جو اس طرح کی باتیں کرتے ہیں کیونکہ جب بھی کوئی آسمانی آفت آتی ہے تو اس کے ریلیف فنڈز کے لیے سب سے آگے فنکار ہی کھڑے ہوتے ہیں‘۔

فیصل قریشی نے ویڈیو میں یہ بھی بتایا کہ کس طرح شوبز انڈسٹری کے لوگوں نے کورونا کے دنوں میں لوگوں کی بے لوث مدد کی۔

اُنہوں نے کہا کہ’پھر جب ہم اس طرح کی باتیں سنتے ہیں تو تکلیف ہوتی ہے کیونکہ ہم سب پاکستانی ہیں اور ہم بھی چھوٹی چھوٹی چیزوں میں کوشش کرتے ہیں کہ ملک کا نام خراب نا ہو‘۔

فیصل قریشی کا کہنا تھا کہ اگر وہ چاہتے تو پاکستان سے باہر جاکر بھی کام کرسکتے تھے لیکن ان لوگوں کے ساتھ انہوں نے کام نہیں کیا جو پاکستان کی پولیسیز کے خلاف ہیں۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ’تو جناب وہ اپنا کام ہی کر رہے ہیں اور اس ملک کے لیے کررہے ہیں اور اس ملک کے لیے وہ کام کرتے رہیں گے ‘۔

اُنہوں نے اپنی بات کا اختتام کرتے ہوئے کہا کہ’وہ اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ ولدیت اور وطنیت کبھی بدلی نہیں جاسکتی تو جو وہ کررہے ہیں وہ کرتے رہیں گے اور جو آپ کررہے ہیں آپ کرتے رہیں‘۔

اپنا تبصرہ بھیجیں