ہیپاٹائٹس کو کیسے ہرائیں؟

کائنات کی تخلیق سے جاری لمحے تک تغیر نے انسانی زندگی پہ گہرے نقوش چھوڑے ہیں۔ آفات، مسائل، مشکلات، امراض، وباء، بھوک، غربت اور دیگر ہزاروں مسائل کا سامنا بنی نوع انسان کر رہا ہے اور کرتا رہے گا۔ لیکن حضرت انسان کی ایک خوبی یہ ہے کہ وہ ہر مشکل میں سے کامیابی کا راستہ نکال لیتا ہے۔ ہر پریشانی میں سے ایک نئی روشنی سامنے لانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے اس کو مخلوقات میں اشرف ہونے کا جو اعزاز دیا، یہ انسانی کوتاہیوں کے باوجود بہت سے حوالوں سے اس اعزاز کا حق ادا بھی کر رہا ہے۔

انسان کے ارد گرد موجود عالم علم کا ایک ایسا سمندر ہے جس کی نہ کوئی حد ہے نہ ہی اختتام بلکہ اس کو دوام ہے اور یہ رہتی دنیا تک ناقابل تسخیر رہے گا۔ کوئی انسان اس کو تسخیر کرنے کا دعویٰ نہیں کر سکتا۔ سوائے اللہ کی ذات اور اور اس کے برگزیدہ انبیاء علہیم السلام اور چنے گئے اولیاء کے۔ اس علم کے سمندر سے ہی انسان اپنی مشکلات، پریشانیوں، آفات کا حل تلاش کرتا ہے اور عارضی زندگی میں اپنا نام خدمت خلق کے حوالے سے نقش کر جاتا ہے۔

کورونا نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے اور اس وقت تمام ذہین دماغ علم کے سمندر میں تیرتے ہوئے اس وباء کا حل تلاش کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ ایک زمانے تک کینسر ناقابل علاج تصور ہوتا تھا لیکن اب وہ قابل علاج امراض میں شمار کیا جانے لگا ہے۔ ایسا ہی مستقبل قریب میں کوروناء اور ایڈز جیسی امراض کے ساتھ ہو گا۔ یہ امراض انسان کو جہاں ایک طرف مشکل کا شکار کرتی ہیں وہاں سوچ کے زاویے بھی تبدیل ہو جاتے ہیں۔ ہیپاٹائٹس بھی ایک ایسا ہی مرض ہے جو اب قابل علاج تصور ہوتا ہے۔ لیکن اس کا پھیلاؤ ایک ایسا ناسور ہے جو معاشرے کو دیمک کی طرح چاٹ رہا ہے۔

عالمی ادارہء صحت کے اعداد و شمار کے مطابق 325 ملین افراد وبائی بی اور سی یرقان کا شکار ہیں۔ صرف پاکستان میں پاکستان ہیلتھ ریسرچ کونسل کے اعداد و شمار کے مطابق ہیپاٹائٹس بی اور سی کے 12ملین کیسز موجود ہیں اور اگر پاکستان کو بھی عالمی ادارہ صحت کے 2030 میں ہیپاٹائٹس فری دنیا کے نعرے کے ساتھ ملنا ہے تو ابھی بہت سفر باقی ہے تاہم مشکل بھی ہے۔ لیکن کوشش سے اس مشکل سفر کو آسان کیا جا سکتا ہے اور اگر آپ ورلڈ ہیپاٹائٹس الائنس کے ورلڈ ہیپاٹائٹس ڈے 2020 کے اعداد و شمار دیکھیں تو حیرت کا جھٹکا لگتا ہے کہ 290 ملین افراد پوری دنیا میں اس حقیقت کو جانتے ہی نہیں کہ وہ اس مرض کا شکار ہیں۔ وجہ ٹیسٹ کا نہ ہونا ہے۔ اس سال کا مرکزی خیال یا بنیادی نعرہ ہی ایسے لا علم لوگوں کی تلاش ہے جنہیں اپنے مرض کا علم نہیں۔

یہ لاعلمی جگر کے دیگر امراض کے علاوہ جگر کے کینسر کا باعث بھی بن رہی ہے۔ اے، بی سے لے کر ای کی اقسام میں سب سے زیادہ متاثرین بی اور سی کے آ رہے ہیں۔ اور صرف ہیپاٹائٹس بی اور سی سے مجموعی اموات کم و بیش 1.3 ملین سالانہ ہو رہی ہیں۔ یہ بہت خطرناک رجحان ہے۔ اس کا اندازہ اس بات سے لگا لیجیے کہ ہر دس میں سے نو افراد تشخیص نہ ہونے کی وجہ سے اپنے مرض سے لاعلم ہیں۔ اور یہ مرض کو مزید بڑھاوا دینے کی اہم وجہ بھی ہے۔

عالمی ادارہء صحت کے مطابق صرف ہیپاٹائٹس بی کے 10فیصد اور ہیپاٹائٹس سی کے صرف19 فیصد مریض اپنے مرض کے بارے میں جانتے ہیں۔ ہیپاٹائٹس بی کے پھیلاؤ کا سب سے بڑا سبب زچہ و بچہ ہیں اور پوری دنیا میں 42 فیصد بچوں کو پیدائش کے وقت اس مرض کا خطرہ موجود رہتا ہے۔ جب کہ ہیپاٹائٹس سی غلط طریقے سے خون کا انتقال، استعمال شدہ انجکشن، منشیات کا استعمال وغیرہ سے زیادہ پھیلتا ہے۔ عالمی ادارہ صحت 2030 تک دنیا کو ہیپاٹائٹس فری کرنے کی مہم جاری رکھے ہوئے لیکن ایسا ممکن اس صورت ہو گا جب تمام ممالک اور افراد اس حوالے سے اپنی ذمہ داری کا ادراک رکھیں۔

ڈاکٹر محمد نصیراور ڈاکٹرندیم اقبال ماہر امراض جگر و معدہ جو اسلام آباد کے ایک ہسپتال میں تعینات ہیں، نے اس حوالے سے اپنے آگاہی پیغام میں بتایا کہ ہیپٹاٹائٹس بنیادی طور پر جگر کی سوزش ہے اور اس حوالے سے یرقان کی دو اہم اقسام پیلا یرقان اور کالا یرقان ہیں جن کا شکار عمومی طور پر مریض ہوتے ہیں۔

ماہرین نے مزید بتایا کہ پیلا یرقان پھیلنے کی وجوہات اس کی پانچ اقسام میں سے اے اور ای بنتی ہیں جب کہ کالا یرقان اس وائرس فیملی کی بی اور سی اقسام سے پھیلتا ہے۔ ڈاکٹر محمد نصیر صاحب کے مطابق بھی اس کا سب سے اہم مرحلہ تشخیص ہی ہے جس کی مدد سے مریض کو بچایا جا سکتا ہے۔ وجوہات کو زیر بحث لاتے ہوئے ڈاکٹر ندیم اقبال نے خون کی غیر محفوظ منتقلی، ڈرگز، ماں سے بچے اور عطائی ڈاکٹروں (بالخصوصی دانتوں کے عطائی ڈاکٹر) کو کالے یرقان کی وجوہات قرار دیا۔ پیلا یرقان ڈاکٹر نصیر کے مطابق زیادہ خطرناک نہیں لیکن بروقت علاج نہ ہونے کی وجہ سے یہ خطرناک بھی ہو سکتا ہے۔ جب کہ کالا یرقان خطرناک اس لیے ہے کہ اس کی علامات بظاہر جلدی ظاہر نہیں ہوتیں جس کی وجہ سے یہ جگر کو خاموشی سے متاثر کرتا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر ندیم اقبال کا کہنا تھا کہ پیلے یرقان سے بچاؤ کے لیے اہم ہے کہ صفائی کا خیال رکھاجائے، خوراک صاف ستھری اور میانہ ہو۔ جب کہ کالے یرقان سے بچاؤ کے لیے محفوظ انتقال خون یقینی بنایا جائے، سرنج کا کسی بھی صورت دوبارہ استعمال نا کیا جائے، عطائی ڈاکٹروں سے مکمل بچا جائے اور ناک یا کان چھدواتے ہوئے اوزاروں کی صفائی کا یقین کر لیا جائے۔

اس خطرناک مرض سے اب بچا کیسے جائے؟ کس طرح عالمی ادارہ صحت اور ورلڈ ہیپاٹائٹس الائنس جیسے اداروں کی مدد کی جائے کہ اس حوالے سے ہم کہہ سکیں کہ ہم نے اپنا کردار ادا کر دیا ہے؟ سب سے پہلے مرحلے میں ہم دیکھیں تو دنیا میں آنے والا بچہ اس کا سب سے پہلا شکار ہے۔ تمام نوزائیدہ بچوں کو ہیپاٹائٹس بی کی ویکسین ہر صورت لگوائی جائے تا کہ وہ اس سے بچ سکیں۔ اس کے علاوہ حاملہ خواتین کا ہیپاٹائٹس کا باقاعدگی سے حمل کے دوران ٹیسٹ ہونا بھی اس کی روک تھام میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ لاعلمی ایک اور اہم مسئلہ ہے۔ تمام افراد کو اس کا ادراک ہونا ضروری ہے۔ مرض کی احتیاط سے متعلق معلومات، علاج اورادویات تک ہر ایک کی رسائی ممکن بنا کر ہم اس سے نمٹ سکتے ہیں۔ ہیپاٹائٹس کی بروقت تشخیص و علاج سے ہی ہم جگر کے کینسر اور جگر کے دیگر مہلک امراض سے بچ سکیں گے۔ جتنا اس مرض سے احتیاط برتیں گے اتنا ہی اس سے لڑنے کے زیادہ مواقع پیدا ہوں گے۔ اپنی صحت ہمارے اپنے ہاتھ میں ہے، خود حفاظت کریں گے تو مرض سے بچے رہیں گے۔

نوٹ: ادارے کا قلمکار کے خیالات اور پیش کردہ مندرجات سے متفق ہونا ضروری نہیں

تحریر: سید شاہد عباس

اپنا تبصرہ بھیجیں