سیالکوٹ ائرپورٹ پر سیال کارگو شیڈ کے افتتاح سے بزنس کمیونٹی کو بہترین سہولتیں مہیا ہوں گی: عبدالرزاق داؤد

سیالکوٹ(سنہرا دور): وزیر اعظم پاکستان کے تجارت، ٹیکسٹائل، صنعت، پیدا وار اورسرمایہ کاری کے مشیر عبدالرزاق داؤد نے کہا ہے کہ سیالکوٹ کی بزنس کمیونٹی نے پرائیویٹ سیکٹر میں ایک خوبصورت اور فعال انٹرنیشنل ائرپورٹ بنا کر ملک و قوم کی جو خدمت کی ہے اس کو مزید کامیاب بنانے کے لیے حکومت تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔ایکسپورٹ ڈیلپمنٹ فنڈ سے سیالکوٹ انٹرنیشنل ائرپورٹ کے لیے بیرون ملک بھجوائے جانے والے برآمدی مال کی فوری جانچ پڑتال کے لیے 30کروڑ روپے کی جدید سکینگ مشین فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے اس امر کا اعلان سیالکوٹ ائرپورٹ پر نئے تعمیر شدہ سیال کا رگو شیڈ کا افتتاح کرنے کے موقع پر کیا۔ اس موقع چیئرمین میاں نعیم جاوید، وائس چیئرمین چودھری محمد افضل شاہین، سابق چیئرمین میاں محمد ریاض، انجنیئر خاور انور خواجہ، ائرپورٹ منیجر نثار احمد، کارگو ٹرمینل منیجر سید علی اظہر عامر، منیجر ائرپورٹ ہنڈلنگ سروسز طارق محمود، منیجر تعلقات عامہ عبدالشکور مرزا، اسسٹنٹ منیجر کسٹمر سروسز عدنان حمید خلیل اور دیگر ائرپورٹ حکام موجود تھے۔ مہمان خصوصی عبدالرزاق داؤد نے کہا کہ سیالکوٹ کی بزنس کمیونٹی کامنفرد اعزاز ہے کہ یہ اپنے مسائل خود حل کر کے حکومت کے آسانیاں فراہم کرتی ہے۔چیئرمین سیال میاں نعیم جاوید کی طرف سے پیش کئے جانے والے مطالبات کے جواب میں وزیر کے وفاقی مشیر عبدالرزاق داؤدنے کہا ہے سیالکوٹ ائرپورٹ کو یہاں کام کرنے والے کسی بھی محکمے کی بہتری کے لیے درپیش تمام مسائل کو وہ ذاتی دل چسپی لے کر حل کروائیں گے اور سیال انتظامیہ کوہر ممکن طریقے سے تعاون فراہم کیا جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ائرپورٹ کو ملانے والی تمام سڑکوں کی حالت بہتر بنانے کے لیے وہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان احمد بزدار سے خود بات کریں گے اور روڈ نیٹ ورک کو بہتر بنوانے کی کوشش کریں گے۔ اس موقع پر چیئرمین سیال میاں نعیم نے کہا کہ سیالکوٹ ائرپورٹ کو کامیاب بنانے میں حکومت نے ہمیشہ بھرپور تعاون کیا ہے۔ صدرجنرل پرویز مشرف نے اس کی منظوری کرکے جو تاریخ ساز کارنامہ سرانجام دیا ہے۔ اسے سیالکوٹ کی بزنس کمیونٹی اور اس پورے خطے کے لوگ ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ میاں نعیم جاوید نے سیالکوٹ ائرپورٹ کی منظوری میں اہم کردار ادا کرنے پر عبدالرزاق داؤد کا بھی خصوصی شکر یہ ادا کیا۔ چیئرمین سیال نے اس موقع پر وفاقی سیکرٹری ایوی ایشن ڈویثرن حسن ناصر جامی کی طرف سے کووڈ کے بعد سیالکوٹ ائرپورٹ کو مشکل صورت حال سے نکالنے پر ان کا بھی دلی شکریہ ادا کیا اور سیالکوٹ کی تمام پروازیں بحال کرنے اور مزید ائرلائنوں کو سیالکوٹ اپنی پروازیں شروع کرنے کی اجازت دینے پر ان کا بطور خاص شکریہ ادا کیا اور وفاقی مشیر کو یقین دلایا کہ وہ اس پورے خطے کے فضائی مسافروں اور بزنس کمیونٹی کو کارگو کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔ وفاقی مشیر نے ائرپورٹ ٹرمینل بلڈنگ کا دورہ بھی کیا اور اس کی معیار کی بے حد تعریف کی۔ اس موقع پر انہیں سیال شیلڈ بھی پیش کی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں