صرف جیتنے کی منصوبہ بندی کے ساتھ میدان میں اتریں گے، زمبابوین کپتان

زمبابوے کے آل راؤنڈر ایلٹن چگمبورا نے کہا ہے کہ 2015 میں جب زمبابوے ٹیم کے ساتھ آیا تھا تو ڈر لگ رہا تھا لیکن اب بہت اچھا محسوس کر رہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قومی ٹیم بہت اچھی کرکٹ کھیلتی آرہی ہے لیکن زمبابوے صرف جیتنے کی منصوبہ بندی کے ساتھ میدان میں اترے گی۔

اسلام آباد میں آن لائن پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے زمبابوے کے آل راؤنڈر ایلٹن چگمبورا نے کہا کہ دورہ پاکستان میں زمبابوے کے لیے ہر میچ جیتنا ضروری ہے جس سے اگلے ورلڈکپ میں براہِ راست رسائی حاصل ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ پانچ سال قبل پاکستان آنے سے ڈر لگ رہا تھا لیکن اب بالکل معمول کے مطابق محسوس کر رہا ہوں۔ موسم کے حوالے سے ایلٹن چگمبورا کا کہنا تھا کہ پاکستان اور زمبابوے کا موسم بالکل ایک جیسا ہے جس کے باعث کوئی مشکل پیش نہیں آ رہی۔

قومی ٹیم کے ساتھ ہیڈ کوچ لال چند راجپوت کی غیرموجودگی کے حوالے سے ایلٹن چگمبورا نے کہا کہ اسسٹنٹ کوچ کی موجودگی میں ہیڈ کوچ کی کوئی کمی محسوس نہیں ہورہی۔

انہوں نے کہا کہ پہلا ایک روزہ میچ کھیلنے سے قبل چھ دن بھرپور ٹریننگ کریں گے۔ زمبابوے کے پاس تجربہ کار کھلاڑی موجود ہیں اور سیریز میں ہر میچ جیتنے کی نیت سے میدان میں اتریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں