عوام ووٹ چوروں کو اقتدار سے باہر کرکے دم لیں گے، مریم اورنگزیب

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عوام ووٹ چوروں کو اقتدار سے باہر کر کے ہی دم لیں گے۔

اپنے بیان میں ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب نے وفاقی وزیرِ اطلاعات شبلی فراز کے بیان کی مذمت کی۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ ہے فاشسٹ مائنڈ سیٹ، پہلے کمرے پر حملہ کروایا اب مریم نواز کی ذات پر حملہ کر رہے ہیں۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ بنارسی ٹھگ وہ ہیں جو تاریکی میں کمروں کے دروازے توڑتے ہیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ بنارسی ٹھگ وہ ہوتے ہیں جو آٹا 35 روپے سے بڑھا کر 85 روپے کلو بیچتے ہیں، جو چینی 55 روپے سے بڑھا کر 110 روپے کلو بیچتے ہیں۔

مریم اورنگزیب نے یہ بھی کہا کہ بنارسی ٹھگ وہ ہوتے ہیں جو میڈیا کی آواز بند کرتے ہیں، اظہارِ رائے کی آزادی چھین لیتے ہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ لیگی نائب صدر مریم نواز پر گھٹیا حملے ووٹ چوروں کے سیاسی میدان میں ہار جانے کا ثبوت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دوسروں پر ذاتی حملے سے پہلے عمران صاحب اپنا گھناؤنا چہرہ آئینے میں دیکھیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ شبلی فراز کو اپنا نہیں تو اپنے عظیم والد کی میراث اور مقام کا ہی کچھ خیال کرنا چاہیے۔ کاش آپ نے احمد فراز صاحب کا کلام ہی پڑھا اور سمجھا ہوتا۔

لیگی ترجمان کا کہنا تھا کہ عوام کے فیصلے اور ایمپائر کی انگلی میں بڑا فرق ہوتا ہے۔

قبل ازیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا تھا کہ بے یقینی اور بے امنی پھیلانے والوں سے حساب لیا جائے گا، اپوزیشن دشمن کو خوش کرنے والے بیانیے کو تقویت دے رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں