کراچی کیلئے وزیرِاعظم کے وعدے پورے ہو رہے ہیں، خرم شیر زمان

پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما اور رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان کے کراچی کے لیے کیے گئے وعدے پورے ہونے جا رہے ہیں۔

کراچی کے انصاف ہاؤس میں پی ٹی آئی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے اپنے ایم این ایز کو 3 ارب 40 کروڑ کے فنڈز ریلیز کر دیے ہیں، ہر ایم پی اے کو بھی 3 کروڑ فی کس فنڈز دے رہے ہیں، یہ ایم پی ایز اپنے حلقے میں کے ایم سی کے ذریعے کام کرائیں گے۔

خرم شیر زمان نے کہا کہ تمام کام پی ڈبلیو ڈی کے تحت کرایا جا رہا ہے، ملیر میں گڈاپ، بن قاسم اور ابراہیم حیدری میں کام کرایا جا رہا ہے، وسطی میں نیو کراچی، گلبرگ، لیاقت آباد، نارتھ ناظم آباد اور ناظم آباد میں کام ہو گا۔

انہوں نے بتایا کہ گرین لائن منصوبہ وفاق مکمل کرے گا، لیاری ایکسپریس وے پر بسوں کو چلائیں گے اور اس پر بھاری ٹریفک کھول دیا جائے گا، البتہ ہیوی ٹریفک سے قبل لیاری ایکسپریس وے کو مضبوط بنایا جائے گا۔

خرم شیر زمان نے کہا کہ مجموعی طور پر کراچی کے لیے 6 ارب 80 کروڑ روپے ریلیز کیے جائیں گے، کراچی کے منصوبوں میں اسد عمر اور علی زیدی نے اہم کردار ادا کیا ہے۔

پیپلز پارٹی کو ہدفِ تنقید بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اور پیپلز پارٹی نے کراچی کو کہیں کا نہیں چھوڑا، پیپلز پارٹی کی نالائقی بہت زیادہ ہے۔

رہنما پی ٹی آئی کا مزید کہنا ہے کہ سب سے بڑا بلنڈر پانی کے مسئلے پر کیا گیا، وفاق کی کے فور پر مکمل نظر ہے، منصوبے کا پرانا ڈیزائن ضائع ہو گیا ہے۔

کورونا وائرس کے حوالے سے انہوں نے یہ کہا کہ وفاقی حکومت کورونا وائرس کے سلسلے میں بھی اقدامات کر رہی ہے، سندھ حکومت کا کورونا وائرس پر کردار بھی قابلِ تعریف ہے، سندھ حکومت کورونا کے حوالے سے وفاق کی ہدایات کو فالو کر رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں