گلیڈی ایٹرز نے آخری میچ میں کراچی کنگز کو 5 وکٹوں سے شکست دیدی

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آخری گروپ میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو با آسانی 5 وکٹوں سے شکست دے دی، تاہم خراب رن اوسط کے باعث وہ سیمی فائنل میں جگہ نہیں بناسکی۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جانے والے میچ میں کراچی کنگز کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

اننگز کے آغاز میں گلیڈی ایٹرز کے نسیم شاہ نے جارح مزاج شرجیل خان کو بولڈ کرکے ٹیم کو پہلی کامیابی دلوادی جبکہ اس کے بعد کپتان بابر اعظم اور افتخار احمد نے اسکور کو آگے بڑھایا۔

دونوں بلے بازوں نے 30 رنز کی پارٹنر شپ بنائی، تاہم اس مجموعے پر افتخار احمد 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

کنگز کا اسکور 72 تک پہنچا تو 32 رنز بنانے والے کپتان بابر اعظم بھی پویلین لوٹ گئے۔

ایسے میں 62 رنز کی اننگز کھیلنے والے کیمرون ڈیلپورٹ نے 26 رنز بنانے والے چڈوک والٹن کے ہمراہ 73 رنز کی پارٹنر شپ بنا کر ٹیم کو 150 کے مجموعے تک پہنچا دیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے نسیم شاہ 2 وکٹیں لے کر نمایاں رہے۔

ہدف کے تعاقب میں احمد شہزاد روایتی انداز میں آؤٹ ہوگئے، تاہم ان کے بعد رواں سیزن پہلا میچ کھیلنے والے خرم منظور نے شین واٹسن کے ہمراہ 118 رنز کی شاندار پارٹنر شپ بنا کر میچ میں فتح کا ڈنکا بجادیا۔

خرم منظور نے 40 گیندوں پر 63 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ شین واٹسن 34 گیندوں پر 66 رنز بنا کر نمایاں رہے،انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اننگز کے 17ویں اوور میں اعظم خان نے چوکا لگا کر ٹیم کو رواں سیزن کی چوتھی کامیابی دلوادی۔

دھواں دھار اننگز کھیلنے پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے شین واٹسن کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

تاہم اس فتح کے باوجود کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم خراب رن اوسط کی وجہ سے سیمی فائنل میں جگہ نہ بناسکی جس کے باعث پشاور زلمی کی ٹیم نے فائنل 4 کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں