محکمہ موسمیات نے بارشوں کا نیا الرٹ جاری کردیا

محکمہ موسمیات نے بارشوں کا نیا الرٹ جاری کردیا ہے، بدھ سے جمہ تک پنجاب کے تمام اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی، تیزہوائیں چلنے اور ژالہ باری کی بھی پیش گوئی کی گئی ہے ۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا نیا طاقتور سلسلہ منگل کو پاکستان میں داخل ہوگا،جس کے باعث بدھ سے جمعہ تک بالائی اور وسطی علاقوں میں اکثر مقامات پر بارش ہوگی، خیبرپختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

منگل شام سے جمعرات تک کوئٹہ، ژوب، پشین، ہرنائی، قلعہ عبد اللّٰہ، قلعہ سیف اللّٰہ، پنجگور، زیارت، قلات اور مستونگ میں بھی بارش ہوگی۔

کشمیر، دیر، سوات، شانگلہ، مانسہرہ، ایبٹ آباد، پشاور، مردان، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، ڈی جی خان اور فیصل آباد میں بھی موسلا دھار بارش کا امکان ہے، موسلادھار بارش سے ندی نالوں میں طغیانی اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔

سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد اور شہید بینظیر آباد میں منگل کی شام اور بدھ کو بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے جبکہ کراچی سمیت زیریں سندھ میں گرد آلود ہوائیں چلیں گی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق متعلقہ حکام کو جانی و مالی نقصان سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں