’’اللہ سب سے بڑا امپائر ہے‘‘

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کہتے ہیں کہ اللہ سب سے بڑا امپائر ہے، جس نے بارش کر کے ان سب کو بے نقاب کر دیا۔

تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کراچی کے دو روزہ دورے پر ہیں، انتخابی مہم کے سلسلے میں عمران خان کے دورہ کراچی کا آج آخری روز ہے۔

شہر قائد کی بزنس کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ کارکنان سندھ میں سڑکوں پر نکلیں، ریلیاں نکالیں تاکہ لوگوں کو آپ کی طاقت کا اندازہ ہو۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کارکنوں کو ہدایت کی کہ کارکن سڑکوں پر نکلیں، ریلیاں نکالیں تاکہ لوگوں کو آپ کی طاقت کا اندازہ ہو۔

عمران خان نے کہا کہ کبھی قوم پر اتنے قرضے نہیں چڑھے، کبھی ڈالر اتنا اوپر نہیں گیا، برصغیر دنیا کاغریب ترین علاقہ ہم اس میں بھی سب سے پیچھے ہیں،بنگلا دیش آج ہم سے آگے نکل چکا ہے۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ پی آئی اے کبھی دنیا کی نمبر ون ایئر لائن تھی، ہم نے 30سال میں انہیں پاکستان کو تباہ کرتے دیکھا ہے۔

عمران خان نے مزید کہا کہ اللہ نے پاکستان کو ایک زبردست موقع دیا ہے، یہ لمبی اندھیری رات ختم ہونے والی ہے، میرا یہ ایمان ہے کہ جب تک کراچی نہیں اٹھے،تبدیلی نہیں آئے گی اور پاکستان بھی نہیں اٹھ سکے گا۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ کراچی ہاکستان کامعاشی حب ہے، مجھے یہاں سے الیکشن جیتنے کی ضرورت نہیں تھی، پاکستان کی وجہ سے کراچی ہمیشہ میرے دل میں رہے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہاں کی میمن کمیونٹی خیرات بہت کرتی ہے، انہوں نے شوکت خانم کے لیے کافی مدد کی، جو لوگ 30سال سے باریاں لے رہے ہیں کراچی میں ان کے پاس مسائل کا حل نہیں ہے۔

عمران خان نے مزید کہا کہ پختون خوا کی پولیس ماڈل پولیس بن چکی ہے، سندھ اور پنجاب میں پولیس کو ٹھیک نہیں کیا جا سکا، رینجرز کراچی میں اس لیے ہے کہ پولیس ٹھیک نہیں، شہباز شریف نے پولیس کو غلط استعمال کیا۔

انہوں نے کہا کہ پختون خوا دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثر تھا، اب صحت اور تعلیم کا نظام خیبر پختون خوا میں سب سے بہتر ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ ابھی سے پلان کر رہے ہیں کہ کراچی کو پانی کیسے دینا ہے، یہاں کچرے سے بجلی پیدا کریں گے۔

عمران خان نے دعویٰ کیا کہ کراچی کو نیویارک اور لندن کی طرح سے چلائیں گے، یہاں طاقتور مقامی حکومت کا نظام لے کر آئیں گے، بزنس کمیونٹی اب ڈر ڈر کر قدم نہ اٹھائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں