خطے کو متحد رکھنے کیلئے پاکستان کردار ادا کرے گا، آرمی چیف

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ تقسیم کرنے کے بجائے پاکستان خطے کو متحد رکھنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے گا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ ’آئی ایس پی آر‘ کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سرکاری دورے پر روس پہنچ گئے جہاں انہوں نے رشین فیڈریشن کی بری فوج کے کمانڈر کرنل جنرل اولیگ سے ملاقات کی ہے۔

اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ روس نے خطے میں مشکل صورتحال کو بہتر کرنے میں مثبت کردار ادا کیا جبکہ پاکستان مسائل کو خطے سے دور رکھنے کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ تقسیم کرنے کے بجائے پاکستان خطے کو متحد رکھنے کے لیے کردار ادا کرے گا اور پاکستان بھی دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان تعلقات بڑھانے میں دلچسپی رکھتا ہے۔

دوسری جانب روسی کمانڈر نے آرمی چیف سے ملاقات میں دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کی کامیابیوں کو سراہا اور کہا کہ جیو اسٹریٹیجک کے لحاظ سے پاکستان خطے کا اہم ملک ہے۔

روسی کمانڈر نے مزید کہا کہ روس دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان موجودہ تعلقات کو مزید بڑھانا چاہتا ہےجس کے بعد آرمی چیف نے روسی کمانڈر کا شکریہ ادا کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں