فٹبال ورلڈ کپ کے ٹکٹ ہی روس کا ویزا ہے

اسلام آباد:روس کی حکومت نے پاکستانی فٹبال شائقین کو بھی بغیر ویزے کے روس کا سفر کر نے کی اجازت دے دی ہے ۔فٹ بال ورلڈ کپ 2018کے پیش نظر روس نے میچ کے ٹکٹ کو ویزے کا اسٹیٹس دے دیا ہے یعنی جس کے پاس بھی میچ کا ٹکٹ ہوگا وہ بغیر ویزا کے روس کا سفر کرسکے گا۔ روس کی حکومت نے ایک نئی پالیسی متعارف کرائی ہے ، جس سے مستفید ہوکر شائقین، روس میں ہونے والے فٹ بال ورلڈ کپ 2018کے میچز بغیر ویزا کے دیکھ سکیں گے۔میچز میں زیادہ سے زیادہ شائقین کی شرکت یقینی بنانے کے لیے روس کی حکومت نے پہلی مرتبہ اپنی ویزا پالیسی میں نرمی کی ہے اور میچ کے ٹکٹ کو ویزے کا اسٹیٹس دے دیا ہے یعنی جس کسی کے پاس بھی میچ کا ٹکٹ ہوگا وہ بغیر ویزا کے روس میں داخل ہوسکے گا۔ ورلڈ کپ کے تمام اہم میچز کے آن لائن ٹکٹس پہلے ہی فروخت ہوچکے ہیں اور روسی حکام اس ٹورنامنٹ کو ایک تاریخی واقعہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں نئی ویزا پالیسی بھی اسی کا حصہ ہے۔روسی حکام نے اس بات کی تصدیق بھی کی ہے کہ روس آنے والے غیر ملکیوں کو فٹ بال میچز کے 11میزبان شہروں میں فری ٹرانسپورٹ فراہم کی جائے گی ، جس کے لیے شرط صرف میچ کا ٹکٹ ہوگی۔اسلام آباد میں روسی سفارت خانے کے فرسٹ سیکریٹری اور پریس اتاشی کا کہنا تھا کہ ویزا فری داخلے کا اطلاق پاکستانی فٹبال شائقین پر بھی ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں