فیفا ورلڈ کپ ونر: اسپین، جرمنی، برازیل یافرانس!

برلن : فیفا ورلڈکپ میں ٹرافی حاصل کرنے کی دوڑ 14 جون سے شروع ہوچکی ہے ۔ اس کے ممکنہ فاتح کا نام ایک ماہ قبل ہی پیشگوئیوں میں سامنے آرہا ہے۔ ویسے تو عام طور پر بک میکرز کی جانب سے ٹیموں کی ممکنہ کامیابی یا ناکامی کو مدنظر رکھ کر شرطیں لگائی جاتی ہیں مگر اب 2018 ء ہے اور دنیا مشین لرننگ اور آرٹی فیشل ٹیکنالوجی (اے آئی) میں بہت زیادہ پیشرفت کرچکی ہے۔ اب ان دونوں ٹیکنالوجیز کی مددسے ہی متعدد گروپس نے روس میں جاری فٹبال ورلڈ کپ کے حوالے سے پیشگوئیاں کی ہیں۔ ایک رپورٹ کے مطابق ان میں سے ایک جرمنی کی ٹیکنیکل یونیورسٹی کی تحقیقی ٹیم بھی ہے۔ اس حوالے سے اس ٹیم نے مشین لرننگ ٹیکنالوجی اور کمپیوٹرز کو استعمال کرتے ہوئے ہر ٹیم کی جانب سے ہر میچ میں کئے جانے والے متوقع گول کی پیشگوئی کی۔ اس پیشگوئی کے لئے ٹیموں کی قابلیت اور انفرادی سطح پر کھلاڑیوں کی ماضی میں کارکردگی کو بھی مدنظر رکھا گیا اور سائنسدانوں نے ورلڈکپ کے فاتح کے طور پر کس ٹیم کا نام چنا؟ ویسے یہ اتنا بھی غیرمتوقع نہیں کیونکہ یہ ٹیم ماضی میں بھی ایک بار چیمپیئن بن چکی ہے۔ وہ ٹیم ہے اسپین، جس کے تحقیقی ٹیم کے مطابق ورلڈکپ جیتنے کے امکانات 17.8 فیصد ہیں جبکہ جرمنی دوسرے، برازیل تیسرے، فرانس اور بیلجیئم بالترتیب چوتھے اور 5 ویں نمبر پر ہیں تاہم تحقیقی ٹیم کا کہنا تھا کہ انہوں نے اسپین کو یقینی فاتح کے طور پر نہیں چنا، بلکہ یہ انتخاب فیفا ورلڈکپ مقابلوں کے اسٹرکچر کو دیکھتے ہوئے کیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ اسپین کو جرمنی پر معمولی سبقت اس لئے حاصل ہے کیونکہ موجودہ چیمپیئن ٹیم کے حوالے سے اس بات کے امکانات بہت زیادہ ہیں کہ وہ کوارٹرفائنل تک نہیں پہنچ سکے گی تاہم اگر وہ لاسٹ ایٹ مرحلے میں پہنچتی ہے تو جرمن ٹیم اسپین کے مقابلے میں زیادہ فیورٹ ہوجائے گی۔ دوسری جانب فنانشنل کمپنی گولڈمین Sachs نے برازیل کو 2018 ءکے ورلڈ کپ مقابلے کا فاتح چنا ہے جو کہ فائنل میں ممکنہ طور پر جرمنی کو شکست دے کر چیمپیئن بنے گا۔اس کمپنی کے مطابق 2 لاکھ ڈیٹا ماڈلز اور پورے ورلڈکپ کے 10 لاکھ سمولیشن کے بعد یہ انتخاب کیا گیا۔ مشین لرننگ ٹیکنالوجی نے ٹیموں اور کھلاڑیوں کی صلاحیت کے ساتھ ان کی ماضی کی کارکردگی کا تجزیہ کرکے یہ پیشگوئی کی۔ ویسے دلچسپ بات یہ ہے کہ 2014 ءمیں بھی اس کمپنی نے برازیل کی کامیابی کی پیشگوئی کی تھی مگر جرمنی نے کامیابی حاصل کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں