کراچی، جماعت اسلامی کا ایم ڈی واٹر بورڈ کے دفتر کے سامنے دھرنا

کراچی میں پانی کی قلت کے خلاف جماعت اسلامی کے تحت ایم ڈی واٹر بورڈ کے دفتر کے سامنے دھرنا جاری ہے ، شرکاء نے کچھ دیر شارع فیصل پر بھی دھرنا دیا۔

شہر کے مختلف علاقوں میں پانی کی قلت کے خلاف جماعت اسلامی کراچی کے تحت شارع فیصل پر ایم ڈی واٹر بورڈ کے دفتر کے سامنے دھرنا دیا جارہا ہے ،دھرنے کا آغاز نماز عصر کے بعد ہوا، دھرنے کے شرکاء نے افطار بھی سڑک پر کی جبکہ نماز مغرب بھی سڑک پر ہی ادا کی گئی۔

شرکاء سے خطاب میں امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ دھرنا سیاست نہیں، عوام کو پانی بجلی اور دیگر حقوق دلانے کیلئے ہے۔

انھوں نے عوام کی خدمت کو عبادت قرار دیتے ہوئے کہا کہ کارکن عوام کے حقوق کی خاطر روزے اور شدید گرمی میں دھرنا دئیے بیٹھے ہیں۔

حافظ نعیم کا کہنا تھا پی پی پی اور ایم کیو ایم 30 سالوں میں بھی کراچی کو پانی نہیں دے سکے، عوام کو پانی دیتے نہیں مگر ٹینکر مافیا کو پانی ملتاہے، دھرنے کے شرکاء نے کچھ دیر شارع فیصل پر بھی احتجاج کیا جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ، بعد میں شرکاء نے امیر جماعت اسلامی کراچی کی اپیل پرشارع فیصل خالی کردی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں