کلثوم نواز سے متعلق میں نے کچھ پوسٹ نہیں کیا، فاروق بنگش، سوشل میڈیا پر جھوٹی خبریں چلتی رہیں

لندن (مرتضیٰ علی شاہ) لندن میں مقیم برٹش پاکستانی ڈاکٹر فاروق بنگش نے کہا ہے کہ کلثوم نواز کو بدنام کرنے کیلئے میرے نام اور فون نمبر سے ایک جعلی واٹس ایپ پوسٹ چلائی گئی ہے ،کلثوم نواز سے متعلق میں نے کچھ پوسٹ نہیں کیا تاہم سوشل میڈیا پر چھوٹی خبریں چلتی رہیں۔ ایک وڈیو پیغام میں انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ ایک قطعی غلط کام کیلئے ان کا نام استعمال کیا گیا، انہوں نے ایک قطعی غلط اور بے بنیاد الزام عام کرنے کیلئے اپنا نام استعمال کرنے والے کی مذمت کی۔ واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر جمعہ کو ایک میسیج وائرل ہوا تھا، جس میں ڈاکٹر بنگش کے حوالے سے کہا گیا تھا کہ وہ خود79 ہارلے اسٹریٹ کلینک لندن گئے تھے اور انہوں نے دیکھا کہ کلثوم نواز اب اس دنیا میں نہیں رہیں، اس پوسٹ کی چھان بین کی گئی تو یہ بات سامنے آئی کہ ہارلے اسٹریٹ کلینک، جہاں کلثوم نواز زیر علاج ہیں، ہارلے اسٹریٹ پر نہیں بلکہ ویمائوتھ اسٹریٹ پر واقع ہے، اس پوسٹ میں متعدد الزامات عائد کئے گئے تھے اور ہزاروں افراد تک اسے پہنچایا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں