لوگوں پر تنقید کرنے کے بجائے اہم مسائل پر بات کریں: سیمی راحیل

پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ سیمی راحیل نے کہا ہے کہ ہمیں لوگوں پر تنقید کرنے کے بجائے دُنیا کے دیگر سنگین مسائل پر بات کرنے کی ضرورت ہے۔

سیمی راحیل نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر خصوصی پوسٹ شیئر کی جس میں اُنہوں نے لکھا کہ ’لوگوں کی نجی زندگیوں پر تنقید کرکے اُن کی آنکھوں میں آنسو دینے کے لیے آپ کے پاس بہت وقت ہے۔‘

سینئر اداکارہ نے لکھا کہ ’اگر واقعی اپنا وقت کسی کام پر لگانا ہے تو دُنیا کے سنگین مسائل پر گفتگو کرنے اور اپنی آواز بُلند کرنے پر لگائیں۔‘

اُنہوں نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ ’سوشل میڈیا کی دُنیا بہت مطلبی اور خود غرض ہے، یہاں ہر ایک دوسرے کو نیچا دِکھانے کی کوشش میں لگا رہتا ہے۔‘

سیمی راحیل نے مزید لکھا کہ ’ہمیں اداکاروں کی نجی زندگی کے بجائے مقبوضہ کشمیر، یمن، فلسطین جیسے اہم مسائل ہر بات کرنی چاہیے۔‘

واضح رہے کہ حال ہی میں ہانیہ عامر نے گلوکار و اداکار عاشر وجاہت کے ساتھ ایک ویڈیو شیئر کی تھی جس پر سوشل میڈیا پر سخت ردعمل کا اظہار کیا گیا۔

ہانیہ عامر نے یہ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا تھا کہ اپنے بھائی کو ایسے سنبھالا جاتا ہے کہ جب وہ 101 بخار میں تپ رہا ہو۔

ویڈیو میں ہانیہ عامر عاشر وجاہت کے ساتھ تھیں اور وہ بیڈ پر کمبل اوڑھے لیٹے ہوئے تھے۔

سوشل میڈیا پر ہانیہ عامر کی یہ ویڈیو وائرل ہوتے ہی صارفین کی جانب سے اداکارہ کو خوب تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور اب شوبز شخصیات کی بڑی تعداد ہانیہ کا حوصلہ بُلند کرنے کے لیے اُن کے لیے مختلف پیغام جاری کررہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں